ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / راجیہ سبھا کے ڈپٹی چئیرمین کے لئے ہری ونش اور ہری پرساد میں مقابلہ

راجیہ سبھا کے ڈپٹی چئیرمین کے لئے ہری ونش اور ہری پرساد میں مقابلہ

Wed, 08 Aug 2018 23:44:59    S.O. News Service

نئی دہلی،8؍اگست (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) راجیہ سبھا کے نائب چئیرمین کے عہدہ کے لئے جمعرات کو ہونے والے الیکشن میں این ڈی اے کے امیدوار ہری ونش اور اپوزیشن کے مشترکہ امیدوار کانگریس کے بی کے ہری پرساد کے درمیان براہ راست مقابلہ ہوگا۔

راجیہ سبھا سکریٹریٹ کے ذرائع کے مطابق دونوں امیدواروں نے کاغذات نامزدگی داخل کرنے کے مقررہ وقت سے پہلے اپنی امیدواری سے متعلق نوٹس جمع کرادئے ۔ ووٹنگ جمعرات صبح گیارہ بجے ہوگی۔

مسٹر ہری پرساد نے پارٹی لیڈروں کے ساتھ راجیہ سبھا سکریٹریٹ جاکر امیدواری سے متعلق نوٹس دیا۔ مسٹر ہری ونش نے پارلیمانی امور کے وزیر اننت کمار پارلیمانی امور کے وزیر مملکت وجے گوئل اور این ڈی اے کے دیگر حلیف جماعتوں کے لیڈروں کے ساتھ جاکر نامزدگی کا نوٹس دیا۔

جنتا دل یورکن ہری ونش پہلی مرتبہ راجیہ سبھا میں منتخب ہوکر آئے ہیں اور یہ ایوان میں بہار کی نمائندگی کرتے ہیں۔ وہ ہندی روزنامہ پربھات خبر کے چیف ایڈیٹر رہ چکے ہیں۔

مسٹر ہری پرساد کانگریس کے سینئر لیڈر ہیں اور وہ کرناٹک سے ممبر پارلیمنٹ ہیں۔ وہ پارٹی کے جنرل سکریٹری رہ چکے ہیں۔

نائب چےئرمین کا عہدہ جولائی میں مسٹر پی جے کورین کی مدت مکمل ہونے کے بعد سے خالی ہے۔

ایوان بالا میں یوپی اے اتحاد کے پاس 99اور این ڈی اے کے پاس 92 ووٹ ہیں لیکن نتائج بی جے ڈی کے نو انا ڈی ایم کے کے تیرہ اور تلنگانہ راشٹریہ سمیتی کے چھ ڈی ایم کے اور بی ایس پی کے چار چار اور آزاد اور چھ دیگراراکین کے رخ پر منحصر کرے گا۔


Share: